خوشاب (آن لائن خبر پاکستان) ڈیری انڈسٹریز میں استعمال ہونے والی فرانس سے منگوائی جانے والی جدید فیڈ مکسچر مشین کا افتتاح صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کیا۔ اس موقع پر فرانس ایمبیسی ان پاکستان کے اکنامک ڈویژن کے سربراہ مسٹر لاورینٹ چوپیٹن (Laurent Chopitin) بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔
تقریب کا انعقاد چک نمبر 53 ڈی بی کے مضافات میں قائم ایک جدید ڈیری پلانٹ میں کیا گیا، جہاں اس مشین کو باقاعدہ طور پر پیداوار کے عمل میں شامل کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں، زرعی ماہرین، اور ڈیری انڈسٹری سے سیاست سے وابستہ شخصیا ت ا یم این اے ملک شاکر بشیر اعوان ،صدر مسلم لیگ ن ضلع خوشاب،سینیٹر ڈاکٹرغوث محمد خان نیازی ،ممبر صوبائی اسمبلی سردار علی حسین بلوچ اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریٹائرڈ ملک مشتاق الہٰی بنگی سمیت معززین علاقہ نے نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید مشینری کا استعمال پاکستان کی فوڈ پراسیسنگ اور ڈیری انڈسٹری کے لیے خوش آئند قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے منصوبے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دیہی معیشت کو بھی سہارا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی زرعی و صنعتی پیداوار کو عالمی معیار تک پہنچایا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ جدید فیڈ مکسچر مشین نہ صرف دودھ دینے والے جانوروں کی خوراک کے معیار کو بہتر بنائے گی بلکہ پیداواری صلاحیت اور غذائی معیار میں بھی اضافہ کرے گی، جو بالآخر پاکستان کے دودھ اور گوشت کے شعبے کے لیے ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔
فرانسیسی نمائندے مسٹر لاورینٹ چوپیٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور فرانسیسی کمپنیاں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر چوہدری شافع حسین اور مسٹر لاورینٹ چوپیٹن نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور فرانس مستقبل میں زرعی و صنعتی تعاون کو مزید وسعت دیں گے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکےاور آخر میں غنی ڈیریز کے سی او حافظ اویس غنی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔





