خوشاب (آن لائن خبر پاکستان) ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر نے اسسٹنٹ کمشنر خوشاب کے ہمراہ 6 بلاک اور 12 بلاک شوگر ملز روڈز پر صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سڑکوں کے کناروں پر موجود ملبہ، گندگی اور فالتو مواد کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ خوشاب جوہرآباد شہر کی خوبصورتی اور صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو خصوصی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کہ تمام مرکزی شاہراہوں، خاص طور پر صنعتی علاقوں کے راستوں کو مکمل طور پر صاف رکھا جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خوشاب نے بھی صفائی کے عملے سے بات چیت کی اور موقع پر ہی چند شکایات کا ازالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور صاف ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر فروہ عامر نے مزید کہا کہ عوامی مقامات اور صنعتی زونز کی صفائی بہتر بنانا شہری ذمہ داری بھی ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ بلدیہ کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور صفائی مہم میں حصہ لیں۔





