خوشاب (خبرپاکستان آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی خوشاب کے ضلعی صدر ملک علی ساول اعوان نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے روحانی رہنما اور بیداریِ ملت کے علمبردار تھے۔ اُن کے افکار آج بھی ہماری قومی تعمیر اور فکری رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ اقبال منانے کا اصل مقصد اقبال کے افکار کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا اور اُن کے پیغام کو نوجوان قیادت تک پہنچانا ہے تاکہ وطنِ عزیز ترقی، انصاف اور علم کے راستے پر گامزن رہے۔
ملک علی ساول اعوان نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی، اتحاد اور عمل پر یقین ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ قومیں خواب دیکھنے سے نہیں بلکہ اُنہیں حقیقت میں بدلنے کی جدوجہد سے بنتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اُن نظریات کی علمبردار رہی ہے جو مساوات، عوامی فلاح اور جمہوری استحکام پر مبنی ہیں یہی اقبال کا خواب بھی تھا۔
"علامہ اقبال کی سوچ فکر خودداری اورخودی کا پیغام آج بھی زندہ ہے، کیونکہ وہ انسان کو اپنی اصل پہچان، عزتِ نفس اور خالق سے تعلقِ خاص کی دعوت دیتے ہیں۔ ان کا فلسفۂ خودی مسلم معاشرت کی روح اور فکری بیداری کا سرچشمہ ہے، جو فرد کو قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔
اس موقع پر ملک عبدالباسط راجڑ جنرل سیکرٹری اور غلام اکبر بھٹی سیکرٹری انفارمیشن پاکستان پیپلزپارٹی ضلع خوشاب نے اپنے الگ الگ بیان میں کہا کہ نوجوان نسل وہ اپنی تعلیم، کردار اور عزم کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ی
ومِ اقبال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خواب دیکھنا آسان ہے مگر اُنہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت، قربانی اور استقامت ضروری ہے۔اقبال کا پیغام ہر دور کے لیے رہنمائی ہے۔ اور اقبال کا پیغام محض شاعری نہیں بلکہ ایک عملی فلسفہ ہے جو آج بھی ہمیں اپنے وطن کی تعمیرِ نو کے لیے حوصلہ دیتا ہے۔





