خوشاب(خبرپاکستان)دفترِ محتسب پنجاب کے عوامی خدمت پروگرام کے تحت موبائل وین نے یونین کونسل نمبر 26، مٹھا ٹوانہ، ضلع خوشاب کا دورہ کیا، جہاں شہریوں کو نہ صرف مختلف سرکاری خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی بلکہ ان کی شکایات بھی براہِ راست موقع پر درج کی گئیں۔
اس موقع پر موبائل ٹیم نے مقامی آبادی کو دفترِ محتسب کے کردار، اختیارات اور عوام کو ملنے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ٹیم نے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور مسائل کو موقع پر سُنا اور انہیں ادارہ جاتی سطح پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوانے کا یقین دلایا۔
عوام نے گھر بیٹھے سہولت ملنے اور سرکاری اہلکاروں کی براہ راست رسائی کو ایک مثبت اقدام قرار دیا۔ پروگرام کا مقصد شہریوں کو انصاف اور شکایات کے حل کے لیے دفترِ محتسب پنجاب کی خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے، تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو اضلاع میں جانے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔





