لاہور(خبرپاکستان آن لائن)نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے بعد صوبے کی یونین کونسلز میں پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کا آن لائن اجرا ممکن ہو گیا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے شہری اب نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرکے یہ سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔

معاہدے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد اور نادرا لاہور ریجن کی ڈائریکٹر جنرل فضہ شاہد نے دستخط کیے۔ اس تعاون کا مقصد شہریوں کو بنیادی دستاویزات تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے۔ نئی سہولت کے بعد یونین کونسل جانا ضروری نہیں رہے گا اور شہری اپنی درخواستیں موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹر کرا سکیں گے۔

سرکاری حکام کے مطابق یہ نظام پنجاب میں شہری رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنائے گا۔ آن لائن سروس کے آغاز سے وقت اور اخراجات میں واضح کمی آئے گی، جبکہ ریکارڈ کے ڈیجیٹل ہونے سے یونین کونسلز کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

یہ قدم صوبے میں سمارٹ گورننس اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان آن لائن سرٹیفکیٹ اجرا کے معاہدے پر دستخط کی تقریب
اوپر تک سکرول کریں۔