پنجاب میں عوامی تحفظ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ایسا نظام متعارف کرایا ہے جس کے بعد شہریوں کے موبائل فون کیمرے بھی سیف سٹی کے اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہو سکیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی کی پبلک سیفٹی ایپ میں ’’کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے‘‘ نامی نیا فیچر شامل کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں جب شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کرے گا تو کنٹرول روم آفیسر شہری کو فوری طور پر ایک لائیو فیڈ لنک بھیجے گا۔ لنک کھولتے ہی شہری کے موبائل کیمرے کی براہ راست ویڈیو سیف سٹی کنٹرول روم تک پہنچ جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے موقع واردات کی اصل صورتحال چند لمحوں میں سامنے آ سکے گی، جس کی بنیاد پر فوری مدد اور مؤثر ایکشن ممکن ہوگا۔ اس ٹیکنالوجی سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق یہ سہولت صرف ایمرجنسی کے دوران استعمال کے لیے ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موبائل لوکیشن آن رکھیں اور غیر ضروری ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں۔
نیوز سورس: https://www.facebook.com/punjabsafecities





