اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کی دفاعی قیادت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارتِ دفاع نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر کو ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) مقرر کر دیا ہے۔ ان کی مدتِ تقرری پانچ سال کے لیے مقرر کی گئی ہے، جو ملکی عسکری تاریخ میں ایک نئے باب کی علامت ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق یہ فیصلہ صدرِ پاکستان نے وزیراعظم کی سفارش پر کیا، جس کے تحت جنرل عاصم منیر بیک وقت آرمی چیف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ یہ نیا عہدہ تینوں مسلح افواج کی کوآرڈینیشن، مشترکہ آپریشنز اور اسٹریٹجک فیصلوں میں مزید مضبوطی پیدا کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ایک اور اہم اقدام بھی کیا گیا ہے جس کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع منظور کر لی گئی ہے، جو 19 مارچ 2026 سے مؤثر ہوگی۔ ایئر چیف کی توسیع پاکستان ایئر فورس ایکٹ اور آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت کی گئی ہے۔
وزارتِ دفاع نے وضاحت کی کہ جنرل عاصم منیر کی تقرری آئین کے آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ دونوں فیصلوں کے نوٹیفکیشنز صدر، وزیراعظم، تینوں سروس چیفس اور متعلقہ سرکاری اداروں کو ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ عمل درآمد بغیر کسی تاخیر کے شروع کیا جا سکے۔





