خوشاب (خبر پاکستان مرتضی ملک)وادی سون اور دامن مہاڑ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے بڑے منصوبے جاری ہیں، جنہیں مقامی عوام نے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے اپنے حلقے کے عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق متعدد شاہراہوں کی جدید طرز پر تعمیر اور کچھ پرانی سڑکوں کی ریپئرنگ کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز رکھنے میں کوآرڈینیٹر پی پی 81 ملک امیر حیدر سنگھا اعوان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے مسلسل کوششوں کے ذریعے وادی سون کے اندرونی راستوں اور دامن مہاڑ کے لنک روڈز کو نئی تعمیر اور مرمت کے لیے منظور کرایا، جبکہ مزید راستوں کے لیے ٹینڈرز بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔
مقامی افراد کے مطابق یہ اقدامات حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کا ثبوت ہیں۔ علاقے کی آمدورفت کے مسائل کم ہونے سے نہ صرف روزمرہ سفر آسان ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
اہلیان حلقہ کے عوام نے ملک منصور عثمان اعوان اور ملک امیر حیدر سنگھا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ترقی کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔





