شاہ پور صدر (خبر پاکستان)ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر میں کرسمس بازار کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مبشر کلیم گل اور ایم او آر میڈم رحماء فہیم نے کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 14 دسمبر سے کرسمس بازار لگایا جائے گا، جس میں کرسچن کمیونٹی کے لیے اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔ بازار میں کریانہ، سبزی، فروٹ اور گوشت کے خصوصی اسٹال قائم کیے جائیں گے۔

 

صدر انجمن تاجران غلام عباس نئیر اور جنرل سیکرٹری عاطف عمران انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس بازار میں اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، تاکہ کرسچن کمیونٹی کو ریلیف مل سکے۔

 

اجلاس میں پیرا فورس مسلم لیگ ن کے ملک تیمور ٹوانہ، انجمن تاجران کے سر عنایت اللہ، ملک حسن اعوان، محمد رزاق جوڑا، چوہدری عارف سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ صحافیوں میں رانا اعظم خان، معظم خان لودھی اور اشفاق جوڑا بھی موجود تھے۔

میونسپل کمیٹی حکام کا کہنا ہے کہ کرسمس بازار کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اوپر تک سکرول کریں۔