خوشاب(ویب ڈیسک) ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا خوشاب عمران علی باجوہ نے کہا ہے کہ خوشاب شہر میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا خوشاب کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر، معیاری اور پائیدار سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ خراب، بوسیدہ اور ناکارہ انفراسٹرکچر کی نشاندہی کے بعد مرحلہ وار بہتری کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو دیرپا ریلیف مل سکے۔

 

 

عمران علی باجوہ کے مطابق صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی واسا خوشاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف موجودہ نظام کو اپ گریڈ کیا جائے گا بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق نئے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مؤثر اور شفاف شکایتی نظام متعارف کروایا جائے گا، تاکہ پانی کی قلت، کم پریشر اور سیوریج لائنوں کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔

انہوں نے عوام سے تعاون کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ واسا خوشاب انتظامیہ تمام دستیاب وسائل عوامی مفاد میں بروئے کار لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تعاون سے خوشاب کو ایک صاف، منظم اور بہتر شہر بنایا جا سکتا ہے۔

اوپر تک سکرول کریں۔