ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ: پاکستان اور بھارت آج پھر آمنے سامنے ہوں گے
ایشیا کپ پاکستان کو بھارت کا ہرا کر اسکا غرور خاک میں ملانے کا موقع، ایشیاء کپ سپر 4 راؤنڈ میں دونوں ٹیمیں اتوار کو دبئی میں ہی پھرمدمقابل ہوں گی
ہاتھ نہ ملانےوالا تنازع کے بعد ایک بار پھر ایونٹ میں دو روایتی حریفوں کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، گراؤنڈ وہی، ٹیمیں وہی اور میچ ریفری بھی اینڈی پائی کرافٹ ہی ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق فتح کی بنیاد رکھنے کیلیے ٹاپ آرڈر کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، صائم ایوب کی بیٹنگ فارم پر تشویش بدستور قائم ہے،حارث رؤف کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے، ٹاس کا کردار اہم ہوگا، سکہ جس کے رخ پر گرا وہ ٹیم ہدف کے تعاقب کو ترجیح دے سکتی ہے، پاکستانی سکواڈ نے گزشتہ روز دبئی میں بھرپور ٹریننگ کی،اس بار بھی پریس کانفرنس سے گریز کیا گیا۔
دوسری جانب عمان کے خلاف اوسط درجے کے کھیل نے بھارتی اعصاب پر ندباؤ بڑھا دیا، سر پر چوٹ کی وجہ سے اکشرپٹیل کی شرکت مشکوک ہے، مقابلے سے قبل ٹکٹوں کی فروخت میں کافی اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا ءکپ سپر 4 راؤنڈ میں اتوار کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی، دبئی کے اسی وینیو پر گزشتہ اتوار کو بھارتی ٹیم نے گرین شرٹس کو شکست دی تھی،اس کے بعد پورا ہفتہ ’’ہینڈ شیک‘‘ تنازع کی لپیٹ میں رہا، پاکستان نے اس کے بعد میزبان یو اے ای کو مات دے کر سپر 4 راؤنڈ میں جگہ بنائی۔