پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی اور ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ 39 دنوں پر محیط ہوگا اور میچز پاکستان کے پانچ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم کم از کم 10 میچز کھیلے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا آغاز سنگل لیگ فارمیٹ سے کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں 28 میچز ہوں گے، جس کے بعد ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی اور اس مرحلے میں مجموعی طور پر 12 میچز ہوں گے۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کی نیلامی منعقد کی جائے گی، جسے براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
دریں اثنا پی ایس ایل ٹرافی کی نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں نمائش کے موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔ اس موقع پر قومی کرکٹرز اور پی سی بی حکام بھی شریک ہوئے، جس نے پی ایس ایل کی عالمی سطح پر مقبولیت کو مزید اجاگر کر دیا۔





