لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بے گھر صنعتی کارکنوں کو 720 نئے تعمیر شدہ اپارٹمنٹس الاٹ کرنے کے لیے قرعہ اندازی کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی کے بعد کئی کامیاب درخواست دہندگان کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایک “مدرانہ ریاست” کے تصور کی عملی عکاسی ہے، جس کے تحت محنت کش خاندانوں کو کرائے، بے دخلی اور رہائشی عدم تحفظ سے نجات دی جا رہی ہے۔



مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کیں کہ بیواؤں اور معذور افراد کو قرعہ اندازی کے بغیر اپارٹمنٹس دیے جائیں گے جبکہ خصوصی افراد کو گراؤنڈ فلور پر رہائش فراہم کی جائے تاکہ ان کی سہولت اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام کامیاب الاٹیوں کو سات دن کے اندر اپارٹمنٹس کا قبضہ دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صنعتی مزدوروں کے لیے مزید 1,872 اپارٹمنٹس آئندہ 18 ماہ کے دوران مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ کے قائداعظم بزنس پارک میں 700 کارکنوں کے لیے تین ماہ میں بیچلر ہاسٹل کی تعمیر کی بھی ہدایت دی گئی۔

صوبائی وزیر محنت میاں منشاء اللہ بٹ اور حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ اپارٹمنٹ منصوبہ 3.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جبکہ ہر اپارٹمنٹ پر اوسطاً 36 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔

حکام کے مطابق سندر فیز ون میں ورکر ویلفیئر کمپلیکس کے لیے 5,897 کارکن اہل قرار پائے، جن میں سے 480 اپارٹمنٹس قصور اور 240 لاہور کے صنعتی مزدوروں کے لیے مختص کیے گئے۔ آئندہ مرحلے میں سندر فیز ٹو میں 672، ملتان میں 656 اور واربرٹن میں 544 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے اس اقدام کو محنت کش طبقے کے لیے ایک تاریخی ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزدوروں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا منصوبہ حقیقی عوامی خدمت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ مزدور اور غریب طبقے کی فلاح کو ترجیح دیتی رہی ہے اور ایسے منصوبے معاشرتی استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اوپر تک سکرول کریں۔