لاہور نئے سال کے آغاز پر پنجاب کے طلبہ کے لیے اہم اعلان سامنے آیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سال 2026 کو تعلیمی اصلاحات کا سال قرار دیت ہوئے لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ میں بھی 10 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

 

وزیر تعلیم کے مطابق حکومت گزشتہ سال کی طرح 2025 میں بھی تعلیمی نظام کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جعلی داخلوں کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد جعلی انرولمنٹس ختم کی گئیں جبکہ اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے 26 ہزار اساتذہ کو بحال کیا گیا۔

 

 

 

رانا سکندر حیات کے مطابق نصاب اور امتحانی نظام میں تاریخی اصلاحات متعارف کروائی گئیں اور امتحانی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم نافذ کیا گیا، جس سے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کو بھی ترجیح دی گئی ہے، جس کے تحت پنجاب کے 10 ہزار سرکاری اسکولوں میں ای سی ای رومز قائم کیے گئے جبکہ 11 لاکھ سے زائد بچوں کو روزانہ غذائیت فراہم کی جا رہی ہے۔

 

 

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ 268 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا اور اساتذہ سے متعلق ہراسانی کے 37 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کو نجی تعلیمی اداروں تک توسیع دینا تعلیمی مساوات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر کے 450 کالجز میں میرٹ پر پرنسپلز تعینات کیے گئے جبکہ 29 سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

حکومتی اقدامات کو تعلیمی ماہرین نے خوش آئند قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔

اوپر تک سکرول کریں۔