آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

 

آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سینئر اوپنر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ وہ ایشیز سیریز کے دوران سڈنی میں کھیلا جانے والا پنک ٹیسٹ کھیلنے کے بعد کرکٹ کو خیرباد

کہیں گے۔

 

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کیرئیر کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ اپنا 88واں ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کے میدان سے رخصت ہوں گے۔ 39 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ڈیبیو کیا اور 15 سالہ ٹیسٹ کیرئیر کے دوران 6 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ نہ صرف میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے بلکہ انہوں نے اپنی فلاحی تنظیم ’’عثمان خواجہ فاؤنڈیشن‘‘ کے ذریعے آف دی فیلڈ بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلم ٹیسٹ کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

 

2023 میں انہیں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز سے نوازا گیا، جب کہ وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

اپنے بیان میں عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں اپنے کیرئیر پر اطمینان ہے اور وہ خوش ہیں کہ انہیں آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع ملا۔ ان کے مطابق وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی کارکردگی اور سفر نوجوان کرکٹرز کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔

سی ای او کرکٹ آسٹریلیا ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ عثمان خواجہ نے آسٹریلوی کرکٹ کے لیے شاندار خدمات انجام دیں، وہ نہ صرف ایک بہترین بلےباز ہیں بلکہ اپنی شخصیت اور فلاحی کاموں کے باعث کرکٹ کمیونٹی میں ایک مضبوط مقام رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

حالیہ دنوں میں ان کی فٹنس اور کارکردگی کے حوالے سے مختلف خبریں زیرِ بحث رہیں، کمر کی تکلیف کے باعث وہ برسبین ٹیسٹ میں شرکت نہ کر سکے جبکہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے بھی انہیں ڈراپ کیا گیا تھا۔

اوپر تک سکرول کریں۔