ہونڈا نے سوک کے نئے ماڈلز کی تعارفی قیمتوں کا اعلان کر دیا
کراچی (ویب ڈیسک) جاپانی آٹوموبائل کمپنی ہونڈا نے پاکستان میں اپنی مقبول گاڑی سِوک کے اپڈیٹڈ ماڈلز کے لیے محدود مدت کی تعارفی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان نئی بکنگز کھولنے کے چند روز بعد سامنے آیا، جس کے تحت مختلف ویریئنٹس کی نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق سِوک کا بیس ویرینٹ 84 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا، جبکہ سِوک اورئیل کی قیمت 88 لاکھ 34 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ سِوک آر ایس کی قیمت 1 کروڑ 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ہونڈا کا کہنا ہے کہ یہ قیمتیں تعارفی نوعیت کی ہیں اور محدود وقت کے لیے لاگو ہوں گی۔ اعلان میں واضح کیا گیا کہ قیمتوں کا اطلاق معیاری شرائط و ضوابط کے تحت ہوگا۔کمپنی کی جانب سے اپڈیٹڈ سِوک رینج کی بکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے، جس کے ساتھ بکنگ امانٹس میں بھی نظرثانی کی گئی ہے۔ ن
ئی بکنگ رقم درج ذیل ہے:
سِوک بیس ویرینٹ: 13 لاکھ روپے
سِوک اورئیل: 14 لاکھ روپے
سِوک آر ایس: 16 لاکھ روپے
ہونڈا کے مطابق نئی سِوک لائن اپ میں معمولی فیس لفٹ کے ساتھ جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو بہتر ڈرائیونگ تجربہ فراہم کرنا ہے۔ تاہم، کمپنی نے فیچرز کی مکمل تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کیں۔تعارفی قیمتوں کی مدت سے متعلق حتمی تاریخ کا اعلان بھی ابھی نہیں کیا گیا۔ آٹو ماہرین کے مطابق محدود مدت کے یہ ریٹس ممکنہ خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں معاشی چیلنجز کے باوجود ہونڈا سِوک اب بھی صارفین میں مقبول سمجھی جاتی ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ماڈلز کی آمد سے سیڈان سیگمنٹ میں مقابلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔





