ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ٹائنی کمپنی نے ہتھیلی کے سائز کا ایسا اے آئی پاکٹ لیب سپر کمپیوٹر تیار کر لیا ہے جو بآسانی جیب میں رکھا جا سکتا ہے۔ اس جدید ڈیوائس نے دنیا کے سب سے چھوٹے کمپیوٹر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ننھا مگر انتہائی طاقتور کمپیوٹر جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے لیس ہے۔ پاکٹ لیب میں 80 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج موجود ہے، جس کی مدد سے یہ مختلف اے آئی ماڈلز پر تیزی سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان میں امیج جنریشن، ویڈیو پروسیسنگ اور لینگوئج ماڈلز شامل ہیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی ڈیوائسز مستقبل میں موبائل ڈیٹا پروسیسنگ، ریسرچ، تعلیم اور فیلڈ ورک کے طریقوں کو یکسر تبدیل کر سکتی ہیں۔ پاکٹ لیب کو خاص طور پر ایسے صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کلاؤڈ پر انحصار کے بغیر مقامی سطح پر اے آئی ماڈلز چلانا چاہتے ہیں۔
یہ ایجاد نہ صرف اے آئی ٹیکنالوجی کو عام صارفین کے لیے قابلِ رسائی بنائے گی بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں تیز رفتار اور محفوظ ڈیٹا پروسیسنگ کے نئے دروازے بھی کھولے گی۔





