اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے پری امیگریشن کلیئرنس معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ہی امیگریشن کے تمام مراحل مکمل کر سکیں گے۔
اس نئے نظام کا آغاز پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کراچی سے کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت پاکستانی مسافر متحدہ عرب امارات پہنچنے پر گھریلو مسافروں کی طرز پر تیزی سے ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے، جس سے طویل انتظار اور امیگریشن میں تاخیر کا مسئلہ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس اقدام کو مسافروں کے لیے انتہائی فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام سے سفری سہولت میں بہتری آئے گی اور مجموعی ٹریول تجربہ بہتر ہوگا۔
یو اے ای حکام اس منصوبے کے نفاذ میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے، جبکہ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو ملک بھر کے دیگر ایئرپورٹس تک وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ مہینوں میں متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانی مسافروں کو ویزا سے متعلق مختلف مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان سفری اور انتظامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔





