ٹویوٹا کی قیمتوں میں اچانک کمی، آٹو انڈسٹری میں بحث

 

پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں اس وقت ٹویوٹا کی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ معروف آٹو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پاک وہیلز کے بانی اور روحِ رواں سنیل منج نے ٹویوٹا فارچیونر کی قیمت میں 25 لاکھ روپے تک کمی کی وجوہات پر روشنی ڈالی ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیل منج نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں کمی کے باعث گاڑی کی قیمت میں تقریباً 15 لاکھ روپے کا فرق آیا، جبکہ باقی 10 لاکھ روپے ٹویوٹا نے اپنے منافع کے مارجن میں کمی کر کے ایڈجسٹ کیے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بڑی کار ساز کمپنی کی جانب سے اتنی بڑی قیمت میں کمی غیر معمولی اقدام ہے، جسے آٹو مارکیٹ میں مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

ٹویوٹا انڈس موٹرز کی 35ویں سالگرہ پر بڑا اعلان

 

واضح رہے کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنی 35ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی مقبول آف روڈ ایس یو وی ٹویوٹا فارچیونر کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا، جو حالیہ برسوں میں کسی بھی بڑی آٹو کمپنی کی سب سے بڑی قیمت میں کمی قرار دی جا رہی ہے۔

 

قیمتوں میں کمی کے بعدٹویوٹا فارچیونر جی کی نئی قیمت1 کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل تقریباً 25 لاکھ روپے زیادہ تھی۔ٹویوٹا فارچیونر وی کی قیمت میں25 لاکھ 70 ہزار روپے کی کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت1 کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

 

آٹو ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ کمی نہ صرف صارفین کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ دیگر کمپنیوں کو بھی قیمتوں پر نظرثانی پر مجبور کر سکتی ہے۔ اس اقدام سے پاکستان میں مہنگی گاڑیوں کی فروخت میں بہتری آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

اوپر تک سکرول کریں۔