پاکستان(خبرپاکستان ویب ڈیسک)پاکستان میں ڈیجیٹل رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عالمی سطح کی نئی سب میرین کیبل سی می وی 6 (SE-ME-WE 6) کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے پر کامیابی سے پہنچا دی گئی ہے۔

ہاکس بے کے ساحل پر سب میرین کیبل لانے کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی سیکرٹری وزارتِ آئی ٹی زرار احمد خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر حکام نے بتایا کہ یہ کیبل پاکستان کے انٹرنیٹ انفراسٹرکچر میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ترجمان وزارتِ آئی ٹی کے مطابق سی می وی 6 کیبل کی مجموعی لمبائی 21 ہزار 700 کلو میٹر ہے۔ یہ کیبل سنگاپور سے شروع ہو کر فرانس تک جاتی ہے اور اپنے راستے میں کراچی کو ایک کلیدی پوائنٹ کے طور پر شامل کرتی ہے۔

نئی کیبل کے فعال ہونے کے بعد پاکستان عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ساتھ مزید تیز، مستحکم اور محفوظ ڈیٹا لنکس کے ذریعے منسلک ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے انٹرنیٹ اسپیڈ، کنیکٹیویٹی اور مقامی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اوپر تک سکرول کریں۔