لاہور (خبر پاکستان) حکومتِ پنجاب نے بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔
محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق مہم کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔مہم کے لیے اسکولوں، اسپتالوں، دیہی مراکزِ صحت اور موبائل ٹیموں کے ذریعے گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
صوبائی وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ خسرہ اور روبیلا بچوں کے لیے سنگین بیماریوں میں شمار ہوتی ہیں،لہٰذا والدین اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے بچوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، اور مختلف سماجی تنظیموں کے ساتھ مکمل اشتراک کر رہی ہے۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ویکسینیشن عمل کی نگرانی کریں۔محکمۂ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر بچے کو بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔





