دبئی (خبر پاکستان آن لائن)ایوی ایشن ماہرین نے بتایا کہ Barrel Roll میں طیارہ تیزی سے الٹا ہو کر قوس بناتے ہوئے دوبارہ سیدھا ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ Manoeuvre عام تربیتی پروازوں میں استعمال ہوتا ہے، مگر اس دوران طیارہ چند لمحوں کے لیے مکمل الٹا ہو جاتا ہے اور پائلٹ پر شدید دباؤ آتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اسی نازک لمحے پر طیارے کے کنٹرول میں معمولی تاخیر یا میکینیکل ڈسٹربنس بھی خطرناک حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
حادثہ دبئی ایئر شو میں لائیو آڈینس کے سامنے پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں چند لمحوں میں کارروائی کے لیے پہنچ گئیں۔ حکام نے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے بلیک باکس، فلائٹ ڈیٹا اور انجن پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
دبئی ایئر شو انتظامیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایروبیٹک ڈسپلے انتہائی حساس ہوتے ہیں اور دنیا کی بہترین ایئر فورسز بھی اس دوران حادثات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوتیں۔
بھارتی فضائیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آئندہ ایروبیٹک مظاہروں کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق جمعہ کو دبئی ایئر شو میں مظاہرے کے دوران بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
آئی اے ایف نے ایک بیان میں کہا، "آج دبئی ایئر شو میں ایک فضائی نمائش کے دوران آئی اے ایف کے تیجس طیارے کو حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں پائلٹ کو شدید چوٹیں آئیں۔ آئی اے ایف جان کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے کورٹ آف انکوائری کی تشکیل کی جا رہی ہے۔”
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مناظر میں دیسی لڑاکا طیارہ زمین سے ٹکراتے اور آگ کے گولے میں پھٹتے ہوئے دکھایا گیا۔





