کراچی(ویب ڈیسک)کراچی ورلڈ بک فیئر 2025 کا باقاعدہ آغاز ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگیا، جہاں پہلے ہی دن کتابوں سے محبت رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پنڈال کو ادبی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا۔

پانچ روزہ اس عالمی کتاب میلے میں مجموعی طور پر 325 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے 40 غیر ملکی نمائش کنندگان سمیت 140 سے زائد معروف پاکستانی پبلشرز اور کتب فروش شامل ہیں۔ میلے میں فکشن، رومانس، کرائم، سائنس، بزنس، ادب، اسلامیات، بچوں کی کتابیں اور نصابی مواد سمیت تقریباً ہر موضوع پر کتابیں دستیاب ہیں۔

میلے کے پہلے دن صبح کے اوقات میں اسکولوں کے طلبہ اساتذہ کے ہمراہ پنڈال پہنچے، جہاں بچوں کو مطالعے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور مناسب کتابوں کے انتخاب میں رہنمائی فراہم کی گئی۔ دوپہر کے بعد خاندانوں کی آمد میں اضافہ ہوا، جبکہ شام تک نوجوانوں اور دوستوں کے گروپس کی بڑی تعداد نظر آئی۔

ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کے دور کے باوجود، کتابوں سے عوام کی دلچسپی واضح طور پر دیکھنے میں آئی۔ زائرین کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کتاب کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے۔ متعدد اسٹالز پر 40 سے 50 فیصد تک رعایت کی پیشکش کی گئی، جس نے خریداروں کو خاصا متوجہ کیا۔

تینوں ہالز کو سفید، نیلے، نارنجی اور دیگر دلکش رنگوں سے سجایا گیا تھا، جو افتتاحی دن ہی مکمل طور پر بھرے رہے۔ بزرگ قارئین نے بتایا کہ وہ اس میلے کا سال بھر انتظار کرتے ہیں تاکہ معیاری کتابیں مناسب قیمت پر حاصل کر سکیں، جبکہ نوجوانوں نے ناولز، افسانے اور بیسٹ سیلرز میں خصوصی دلچسپی دکھائی۔

اوپر تک سکرول کریں۔