نادرا کے اومیگا سینٹر کے جڑانوالہ میں افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری صاحب نے بتایا ہے کہ اب عام شہری صرف 10 منٹ میں اپنا شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور یہی ان کی سیاست کا طر امتیاز ہے۔
افتتاح میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پچھلے 78 سال میں جتنے ترقیاتی کام موجودہ حکومت نے کیے ہیں، اس کی نظیر نہیں ملتی۔ ان کے مطابق لاہور روڈ کی مرمت کا کام مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد گرین بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا کے بڑے ممالک پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ انہوں نے سے بتایا کہ پاکستان کو 57 ممالک میں حرمین شریفین کی سیکیورٹی کا شرف حاصل ہے۔
طلال چوہدری نے فلسطین کے حوالے سے کہا کہ غزہ کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، اگر وہاں جشن منایا جا رہا ہے تو احتجاج کا جواز باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اور ادارے اگر ایک پیج پر ہوں تو دنیا میں پاکستان کی بات سنی جائے گی، اور مزید انتشار کی گنجائش نہیں ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے زور دیا کہ شہباز شریف کا وژن سستی بجلی، ترقیاتی کام، اور روزگار فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کبھی سڑک نہیں تھی، آج وہاں موٹروے بن رہی ہے، اور ان کا ہدف ہے کہ جڑانوالہ سے لاہور کا سفر صرف 40 منٹ میں مکمل ہو۔
مزید انہوں نے واضح کیا کہ عوام کارکردگی کو ووٹ دیں، کیونکہ وہ نہ انتشار کو پسند کرتے ہیں اور نہ کسی کے ہاتھوں بلیک میل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت طاقت کا استعمال کرتی تو کوئی شخص سڑک پر احتجاج کے لیے کھڑا نہ ہوتا۔