اسلام آباد (خبرپاکستان ویب ڈیسک)کے شہریوں کے لیے گاڑیوں کی خریدوفروخت اب پہلے سے زیادہ آسان ہوگئی ہے۔ نادرا نے اعلان کیا ہے کہ اب ’’پاک آئی ڈی‘‘ موبائل ایپ کے ذریعے گاڑی کی فروخت یا خرید کے دوران بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے چند منٹوں میں مکمل کی جا سکتی ہے۔ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے بچانا ہے۔

نادرا کے مطابق خریدار اور بیچنے والا دونوں اپنی شناخت کی آن لائن تصدیق کر سکیں گے، جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر میں رش میں بھی واضح کمی آئے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد متعلقہ محکمے گاڑی کی ٹرانسفر کی کارروائی تیز رفتار انداز میں انجام دیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس نظام کے کامیاب نفاذ کے بعد جلد ہی اسے ملک کے دیگر حصوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا، تاکہ تمام شہری اس جدید سروس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حکومت واضح کر چکی ہے کہ 31 اکتوبر 2025 کے بعد ملک بھر میں گاڑی کی خریداری کے بعد ملکیت کی تبدیلی صرف بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔

اسی طرح سندھ میں بھی محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن نے تصدیق کے بغیر ٹرانسفر نہ کرنے کا فیصلہ نافذ کر دیا ہے، جبکہ یکم جنوری 2025 سے پورے ملک میں دونوں فریقوں کی بائیومیٹرک تصدیق شرط ہوگی۔

ماہرین کے مطابق آن لائن بائیومیٹرک نظام جعل سازی کو روکنے، خریدوفروخت کے عمل کو شفاف بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے گاڑیوں کی ٹرانسفر کا پورا نظام جدید اور محفوظ خطوط پر استوار ہو جائے گا۔

اوپر تک سکرول کریں۔