اسلام آباد:
سال 2025 کے دوران بڑی تعداد میں پاکستانی شہری بہتر روزگار کے مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک گئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی مختلف ممالک میں ملازمت کے لیے روانہ ہوئے، جن میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں میں سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب جانے والوں کی رہی، جہاں 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانیوں نے روزگار حاصل کیا۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت نمایاں مقامات رہے، جہاں پاکستانی افرادی قوت کی مانگ مسلسل برقرار رہی۔
بیرونِ ملک جانے والوں میں غیر ہنرمند مزدوروں کے ساتھ ساتھ ہنرمند، نیم ہنرمند اور پیشہ ور افراد بھی شامل تھے۔ ان میں اکاؤنٹنٹس، ڈاکٹرز، انجینیئرز، نرسز، اساتذہ، ڈرائیورز اور مختلف تکنیکی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جو عالمی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کی افرادی قوت کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق خلیجی ممالک میں ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی توسیع اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں بڑھتی ضروریات کے باعث پاکستانی محنت کشوں کے لیے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ تاہم ماہرین نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ حکومت کو ہنرمندی کی تربیت اور قانونی چینلز کے ذریعے بیرونِ ملک روزگار کو مزید منظم بنانے کی ضرورت ہے۔





