پنجاب حکومت نے فالج کے مریضوں کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں مہنگا اور جان بچانے والا TPA انجیکشن بالکل مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ انجیکشن عام حالات میں تقریباً 80 ہزار روپے کا ہوتا ہے اور فالج کے فوری علاج میں اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر فالج کے حملے کے بعد مریض کو 4 سے 5 گھنٹے کے اندر یہ انجیکشن لگا دیا جائے تو معذوری کے مستقل خطرے کو بڑی حد تک ٹالا جا سکتا ہے۔ اسی ضرورت کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے ایسے اسپتالوں کا انتخاب کیا ہے جہاں 24 گھنٹے یہ علاج دستیاب رہے گا اور فالج کے مریض کو فوری سہولت مل سکے گی۔
لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں سروسز ہسپتال، میو ہسپتال،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز،سر گنگا رام ہسپتال، جناح ہسپتال لاہورقابل ذکرجہاں TPA انجیکشن فری دیا جائے گا۔اسی طرح دیگر شہروں میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، عزیز فاطمہ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ بھی شامل فہرست ہیں۔
اور مزید یہ سہولت شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، ضلع ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، نارووال کے ہسپتالوں سمیت وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بھی بہت جلد مہیا کی جائے گی۔اس فیصلے سے فالج کے متاثرہ مریضوں کو بروقت علاج مل سکے گا اور بے شمار لوگوں کو دیرپا معذوری سے بچانے میں مدد ملے گی۔
حکومت کے اس اقدام سے ایسے ہزاروں مریضوں کو فائدہ ہوگا جو بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے مستقل معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اب فالج کے مریضوں کو بہتر اور فوری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔





