شاہ پور (خبر پاکستان آن لائن)
لیڈز سکول سسٹم شاہ پور میں سیکنڈ ٹرم امتحانات کے نتائج کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی جس میں طلباء، والدین، اساتذہ اور مقامی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور ڈاکٹر عابد ممتاز خان تھے جنہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور نوجوان ہونا ملک کا اصل سرمایہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء تعلیم کو صرف کامیابی کی سیڑھی نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت کا ذریعہ سمجھیں۔
ڈاکٹر عابد ممتاز خان نے اساتذہ اور والدین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ایک مضبوط تعلیمی ماحول ہی اچھی شخصیت سازی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے ادارے کی نظم و ضبط اور معیاری تدریس کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر لیڈز سکول سسٹم جناب عاطف عمران انصاری نے مہمان خصوصی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق طلباء کی تربیت اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔
تقریب میں طلباء نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جنہیں بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ آخر میں مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اور طلباء و والدین کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے سکول انتظامیہ کی تعلیمی خدمات کو سراہا۔





