اسلام آباد (خبرپاکستان نیوز ڈیسک)پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر 16 جنوری تک الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار کے علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ اور برفباری کے امکانات موجود ہیں، جبکہ دھند اور اسموگ کی صورتحال بھی مزید خراب ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحت، صحت، تعلیم، زراعت، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام اہم موسمیاتی ماڈلز ملک بھر میں غیر معمولی سردی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ سائبیریا سے آنے والی انتہائی سرد ہوائیں پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا اور حتیٰ کہ سندھ کے میدانی علاقوں میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق 13 جنوری کے دوران جنوبی علاقوں میں کم دباؤ کے باعث درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم 16 سے 18 جنوری کے درمیان مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو شدید سردی اور برفباری کا باعث بن سکتا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری علاقوں میں بھی برفباری کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت خطرناک حد تک گر سکتا ہے۔ موسمی ماڈلز کے مطابق لاہور میں بھی برفباری کا امکان موجود ہے، جو تاریخ میں ایک غیر معمولی واقعہ ہو سکتا ہے۔
بلوچستان میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15 سے منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت منفی 25 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح پشاور میں بارش کے ساتھ برفباری اور درجہ حرارت منفی سطح تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 21 سے 23 جنوری کے درمیان بلوچستان میں 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز اور برفیلی ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔





